20 اگست ، 2022
اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ریلی نکال کر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کرنےکا اعلان کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی ریلی دفعہ 144 کی خلاف ورزی ہے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔
خیال رہےکہ پی ٹی آئی نے آج زیرو پوائنٹ سے ایف نائن پارک تک ریلی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھا تھا، خط کے متن کے مطابق عمران خان نے ریلی کی قیادت کرنا تھی تاہم انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو ریلی کی اجازت دینے سے منع کردیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ترجمان کے مطابق تحریک انصاف نے ریلی کی اجازت اور سکیورٹی کے لیے درخواست دی تھی، ٹھوس وجوہات کی بنا پر ریلی نکالنے اور سکیورٹی دینے سے معذرت کی گئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سکیورٹی وجوہات پرکئی روز سے دفعہ 144 نافذ ہے، قیادت کے ساتھ ساتھ ریلی شرکاء کی قیمتی جانیں بھی خطرے سے دوچار ہو سکتی ہیں۔
دوسری جانب انتظامیہ کی اجازت نہ ملنےکے باوجود پی ٹی آئی کارکنان شہباز گل سے اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوگئے جب کہ عمران خان بھی جلسے سے خطاب کے لیے ایف نائن پارک پہنچ گئے ہیں۔