Time 20 اگست ، 2022
پاکستان

اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو ریلی کی اجازت دینے سے منع کردیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کو  ریلی کی اجازت دینے سے منع کردیا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ترجمان کے مطابق تحریک انصاف نے ریلی کی اجازت اور سکیورٹی کے لیے درخواست دی تھی، ٹھوس وجوہات کی بنا پر  ریلی نکالنے اور  سکیورٹی دینے سے معذرت کی گئی۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ اسلام آباد میں سکیورٹی وجوہات پرکئی روز سے دفعہ 144 نافذ ہے، قیادت کے ساتھ ساتھ ریلی شرکاء کی قیمتی جانیں بھی خطرے سے دوچار  ہو سکتی ہیں۔

ترجمان کے مطابق زیرو پوائنٹ سے ایف 9 پارک تک روڈ پر ٹریفک کا شدید دباؤ  بھی سکیورٹی رسک بن سکتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ترجمان نے مزیدکہا کہ پی ٹی آئی رہنما علی نواز  اعوان کی درخواست کا بروقت جواب بھجوا دیا گیا ہے۔

دوسری جانب انتظامیہ کی اجازت نہ ملنےکے باوجود پی ٹی آئی کارکنان شہباز گل سے اظہار یکجہتی کے لیے زیرو پوائنٹ پر جمع ہوگئے جس سے عام شہریوں کو سفرکرنے میں دشواری کا سامنا ہے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔

خیال رہےکہ پی ٹی آئی نے آج زیرو  پوائنٹ سے ایف نائن پارک تک ریلی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھا تھا، خط کے متن کے مطابق عمران خان نے ریلی کی قیادت کرنا ہے۔

مزید خبریں :