Time 20 اگست ، 2022
پاکستان

بلوچستان کے دورے میں وزیراعظم سے پڑھائی کا کہنے والے بچے کا لارنس کالج میں داخلہ ہوگیا

وزیراعظم شہباز شریف نے بچے سے اعلیٰ تعلیم کا جو وعدہ کیا تھا وہ وفا بھی کیا: ذیشان ملک— فوٹو: ذیشان ملک
وزیراعظم شہباز شریف نے بچے سے اعلیٰ تعلیم کا جو وعدہ کیا تھا وہ وفا بھی کیا: ذیشان ملک— فوٹو: ذیشان ملک

بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے پڑھائی کا کہنے والے بچے کا لارنس کالج مری میں داخلہ کرا دیا گیا۔

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے پولیٹیکل سیکرٹری ذیشان ملک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بچے سے اعلیٰ تعلیم کا جو وعدہ کیا تھا وہ وفا بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ لارنس کالج مری میں داخلے سے بچے کے نئے تعلیمی سفر کا آغاز ہوچکا ہے اور یہ بچہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کرے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور وفاقی وزرا کے ہمراہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔

شہباز شریف قلعہ سیف اللہ پہنچے تھے جہاں ایک بچے نے وزیر اعظم سے اپنے علاقے میں ناقص تعلیم کے نظام کی شکایت کی تھی۔

بچے نے کہا تھاکہ 'یہاں تعلیم کا مسئلہ ہے، سرکاری اسکول میں اگر ہم جائیں تو وہاں اساتذہ نہیں آتے، اپنی نوکری ٹھیک طرح سے نہیں کرتے اور وقت پر آتے بھی نہیں ہیں'۔

وزیر اعظم نے سوال کیا کہ 'بیٹا اب تک جو تعلیم حاصل کی، کیا وہ گھر میں کی ہے؟'

طالب علم نے بتایا کہ 'تھوڑا ٹیچر کی مدد سے کی اور کچھ ٹیوشن پر جاتا تھا'۔

شہباز شریف نے کہا 'اس بچے کو اعلیٰ تعلیم دلوائی جائے، جہاں یہ بچہ چاہے اسے داخلہ دلوایا جائے، اسے مفت تعلیم فراہم کی جائے گی'۔

مزید خبریں :