عمران کے خطاب کی مذمت کرتے ہیں، وزیر داخلہ قانونی کارروائی کریں: حکومتی اتحاد

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے ایک مشترکہ بیان میں  اسلام آباد میں عمران خان کےخطاب کی شدید مذمت کی ہے۔

حکومتی اتحاد کی جانب سے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف نائن پارک اسلام آباد میں عمران خان کےخطاب کی شدید میں مذمت کرتے ہیں،چیئرمین تحریک انصاف نے ایک خاتون مجسٹریٹ کا نام لے کر اسے دھمکی دی،  آئی جی اور ڈی جی آئی پولیس اسلام آباد کو مخاطب کرکے ڈرانے کی کوشش کی۔

حکومتی اتحاد کا کہنا ہےکہ یہ دھمکیاں کھلی غنڈہ گردی اور لاقانونیت ہے، غدار فارن ایڈڈ جماعت اور فارن فنڈنگ لینے والا اس کا چیئرمین ہے، انہوں نے پاک فوج میں بغاوت کی سازش کی ہے۔

حکومتی اتحاد نے مطالبہ کیا ہےکہ وفاقی وزیرداخلہ دھمکیاں دینے پر عمران اور ان کے ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں، عمران خان کو آئین اور قانون کا پابند بنایا جائے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آئی جی اور  ڈی آئی جی اسلام آباد ہم تم کو نہیں چھوڑیں گے، تم پر کیس کریں گے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ مجسٹریٹ  زیبا چوہدری آپ کو بھی ہم نے نہیں چھوڑنا، کیس کرنا ہے تم پر بھی، مجسٹریٹ کو پتہ تھا کہ شہباز پر تشدد ہوا پھر بھی ریمانڈ دے دیا، بڑے ادب سے سپریم کورٹ کوکہتا ہوں قانون کی حکمرانی پر عمل درآمد آپ کا کام ہے۔

مزید خبریں :