21 اگست ، 2022
عراقی شہر کربلا کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے واقعے میں ایک خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
عراقی محکمہ شہری دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ کربلا کے قریب لینڈسلائیڈنگ کے مقام پر امدادی کارروائیوں کے دوران ایک خاتون سمیت 4 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے تلے دبے ہوئے 3 بچوں سمیت 8 افراد کو بچا لیا ہے۔
اس سے قبل عراقی محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملبے تلے اب بھی 6 سے 8 افراد کے دبےہونے کا امکان ہے، ملبے تلے دبے ہوئے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
برطانوی اخبار گارجین کے مطابق محکمہ شہری دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ عراقی شہر کربلا کے قریب حضرت علیؓ سے منسوب ایک مزار ’’قطارۃ الامام علی‘‘ کے مقام پر پیش آیا۔
ترجمان کے مطابق لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے ریت اور پتھر مزار کے اوپر گرے جس کے باعث مزارکا 30 فیصد حصہ منہدم ہو گیا اور لوگ ملبے تلے دب گئے۔
لینڈ سلائیڈنگ کے مقام سے ریسکیو کیے گئے افراد کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، اسپتال ذرائع کے مطابق ملبے سے نکالے جانے والے افراد کی حالت بہتر ہے۔