اندرون سندھ میں شدید بارشیں، مسجد اور مکانوں کی چھتیں گرنے سے 17 افراد جاں بحق

خیرپور میں مسجد کی چھت گرنے سے 8 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوئے: اسسٹنٹ کمشنر۔ فوٹو سوشل میڈیا
خیرپور میں مسجد کی چھت گرنے سے 8 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوئے: اسسٹنٹ کمشنر۔ فوٹو سوشل میڈیا

اندرون سندھ میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا رکھی ہے، خیر پور میں مسجد کی چھت گرنے سے 8 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ مختلف شہروں میں گھروں کی چھتیں گرنے سے 9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس کے مطابق خیرپور میں احمد پور کے قریب گوٹھ پنگیار وڈا میں مسجد کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا جس میں 8 افراد جاں بحق اور 19 افراد زخمی ہوئے۔

اسسٹنٹ کمشنر خیرپور کے مطابق بارش کے باعث 50 سے زائد افراد نے مسجد میں پناہ لے رکھی تھی تاہم  وزن زیادہ ہونے کے باعث مسجد کی کچی چھت گر گئی اور متعدد افراد دب گئے۔

ادھر خیرپور ہی کے علاقے پریالو میں مکان کی چھت گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔

شکارپور کے نواحی علاقے میں بھی کچے مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے اور ایک خاتون شامل ہے۔

دادو میں بھی بارش کے باعث گاؤں بٹ سرائی میں مکان کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا جس میں خاتون اور 2 بچیاں جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔

دادو ہی کے گاؤں منگی کابھان میں بھی مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

مزید خبریں :