Time 22 اگست ، 2022
کھیل

ایشیا کپ: شاہین کی جگہ محمد حسنین قومی اسکواڈ کا حصہ بن گئے

ٹورنامنٹ میں پاکستان اپناپہلا میچ 28 اگست کو بھارت کے خلاف کھیلے گا__فوٹو فائل
ٹورنامنٹ میں پاکستان اپناپہلا میچ 28 اگست کو بھارت کے خلاف کھیلے گا__فوٹو فائل

22  سالہ نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین کو گھٹنے کی انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والا ایونٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔

محمد حسنین اب تک 18 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 17 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ دی ہنڈرڈز کھیلنے کے سلسلے میں یوکے میں موجود محمد حسنین دبئی میں قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

دوسری جانب آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر منگل کی صبح پاکستان سے روانہ ہوکر دبئی میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

وہ نیدرلینڈز ٹور کے لیے اعلان کردہ 16 رکنی اسکواڈ میں شامل عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود کی جگہ لیں گے۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان اپناپہلا میچ 28 اگست کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

قومی کرکٹ ٹیم اپنا دوسرا میچ شارجہ میں 2 ستمبر بروز جمعہ کوالیفائر ٹیم سے کھیلے گا، سپر فور کے میچز 3 سے 9 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں :