Geo News
Geo News

Time 23 اگست ، 2022
دنیا

روس سے جنگ، امریکا یوکرین کو مزید 3 ارب ڈالرکے ہتھیار فراہم کرےگا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

امریکا روس کے خلاف جنگ کے لیے یوکرین کو مزید 3 ارب ڈالرکی فوجی امداد دے گا۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا ہےکہ امریکا یوکرین کے لیے 3 ارب ڈالرکی نئی فوجی امداد کا اعلان کرنے جا رہا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق روسی حملے کے بعد سے یوکرین کے لیے یہ امریکی ہتھیاروں کی امداد کا سب سے بڑا پیکج ہے، امریکا جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک یوکرین کو 10.6 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کرچکا ہے۔

امریکی عہدیدار کے مطابق فوجی امداد کا اعلان کل 24 اگست کو یوکرین کے یوم آزادی کے دن کیا جائےگا۔

امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنےکی شرط پر یہ بھی بتایا کہ یوکرین کو دیے جانے والے ہتھیاروں میں کوئی نئے ہتھیار شامل نہیں ہوں گے بلکہ وہی ہوں گے جو گزشتہ پیکج میں فراہم کیےگئے ہیں۔

خیال رہےکہ امریکا کی جانب سے حالیہ روس، یوکرین تنازعہ شروع ہونےکے بعد سے یوکرین کو مختلف چھوٹے بڑے ہتھیار فراہم کیے جاچکے ہیں جن میں فضائی نگرانی کے ریڈار، جدید راکٹ سسٹم، ٹینک، اینٹی آرمر ہتھیار، ہیلی کاپٹر، اینٹی ائیر کرافٹ سسٹم، شاٹ گنز، گرینیڈ لانچر، ڈرونز اور دیگر  ہتھیار شامل ہیں۔