Time 25 اگست ، 2022
پاکستان

پنجاب حکومت کا سیلاب متاثرین کے امدادی پیکج میں اضافے کا اعلان

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

پنجاب حکومت نے سیلاب میں جاں بحق افراد کے ورثا کیلئے امدادی پیکج میں اضافے کا اعلان کر دیا۔

پنجاب کے وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونیوالے ہر شخص کے ورثا کو 10 لاکھ روپے ، پکا مکان مکمل تباہ ہونے پر 4 لاکھ روپے دیے جائیں گے ۔

لاہور میں وزارتی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ انتہائی زخمی شخص کو 3 لاکھ روپے، شدید زخمی کو ایک لاکھ اور معمولی زخمی افراد کو بالترتیب ایک لاکھ اور 50 ہزار روپے ملیں گے ۔ 

ان کا کہنا تھا کہ امدادی پیکج کے تحت متاثرین کو فوری ادائیگی کی جائے گی ۔ جزوی پکے مکان کے نقصان پر امدادی رقم 40 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے کر دی گئی ہے جبکہ مکمل کچے اور جزوی کچے مکان کو نقصان پر بالترتیب 2 لاکھ اور 50 ہزار روپے ملیں گے۔

اس کے علاوہ  بڑے مویشی کی ہلاکت پر 50 ہزار، بھیڑ بکری کی ہلاکت پر 5 ہزار دینے کی تجویز ہے جبکہ فصلوں کے نقصان پر ساڑھے 12 ایکڑ تک فی ایکڑ 15 ہزار روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب پہلے ہی سیلاب زدہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے چکے ہیں۔

مزید خبریں :