Time 25 اگست ، 2022
پاکستان

پنجاب میں مون سون اور سیلاب کی تباہ کاریاں، پی ڈی ایم اے نے تفصیلات جاری کردیں

راجن پور، ڈی جی خان، میانوالی، مظفرگڑھ، سیالکوٹ، لیہ سیلاب سے متاثر ہوئے، 2 لاکھ 1 ہزار 965 زرعی علاقے، 12 ہزار 628 گھر سیلاب کے پانی میں ڈوب گئے: پی ڈٰی ایم اے — فوٹو فائل
راجن پور، ڈی جی خان، میانوالی، مظفرگڑھ، سیالکوٹ، لیہ سیلاب سے متاثر ہوئے، 2 لاکھ 1 ہزار 965 زرعی علاقے، 12 ہزار 628 گھر سیلاب کے پانی میں ڈوب گئے: پی ڈٰی ایم اے — فوٹو فائل

پنجاب میں 15 جون سے 21 اگست تک مون سون بارشوں اور  سیلاب کی تباہ کاریوں سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں صوبائی ڈزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) نے تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ 

پنجاب کے 6 اضلاع کے 5 لاکھ 55 ہزار 893 علاقوں میں نقصان پہنچا، 69اسکول اور7 بنیادی مراکز صحت ڈوب گئے۔

پی ڈی ایم اے کےمطابق راجن پور، ڈی جی خان، میانوالی، مظفرگڑھ، سیالکوٹ، لیہ سیلاب سے متاثر ہوئے، 2 لاکھ 1 ہزار 965 زرعی علاقے، 12 ہزار 628 گھر سیلاب کے پانی میں ڈوب گئے۔

پی ڈی ایم  اےکی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سیلاب اور بارشوں کے باعث 151 افراد زندگی کی بازی ہارگئے،  606 افراد زخمی ہوئے جبکہ 3 لاکھ 41 ہزار 77 افراد بے گھر ہو گئے۔

بارش اورسیلاب سے  2 لاکھ سے زائد بڑے جانور، 2 ہزار 586 چھوٹے جانور ہلاک ہو ئے جبکہ سیلاب میں 37 سڑکیں، 8 پل پانی میں بہہ گئے جبکہ 7 نہریں تباہ ہوگئیں

پی ڈی ایم اے کے مطابق 20 ہزار 264 افراد، 516 جانوروں کو سیلاب زدہ علاقوں سے ریسکیوکیا گیا، 147 طبی کیمپ اور متاثرہ افراد کیلئے 9 ہزار 355 کیمپ  لگائے گئے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ سے زائد جانوروں کو ویکسینیشن دی گئی، 19 ہزار839 افراد میں فوڈ ہیمپرز  تقسیم کیے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں اب بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں 551 ریسکیواہکار اور 84 کشتیاں حصہ لے رہی ہیں۔

مزید خبریں :