25 اگست ، 2022
بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا۔
پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارش اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں مزید چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ یکم جون سے اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 234 ہوگئی۔ جن میں 110 مرد 55 خواتین اور 69 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں اموات بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی،خضدار ،کوہلو، کیچ، مستونگ،ہرنائی،قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئیں،سب سے زیادہ 27 ہلاکتیں کوئٹہ، 21 لسبیلہ اور 17 پشین میں ہوئیں۔
صوبے میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 98 افراد زخمی ہوچکے ہیں جن میں 55 مرد، 11 خواتین اور 32 بچے شامل ہیں۔
سیلابی ریلوں اور بارشوں سے مجموعی طور پر بلوچستان میں27 ہزار 747 مکانات نقصان کا شکار ہوئے تو وہیں ایک لاکھ 7 ہزار 377 سے زائد مال مویشی سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے ، اب تک مجموعی طور پر دو ایکڑ زمین پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔