26 اگست ، 2022
ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 45.28 فیصد کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیے جس کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.83 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے میں 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے ٹماٹر 47 روپے 42 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے، پیازکی قیمت35 روپے 6 پیسے اضافے سے 112 روپے 16 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ آلو3 روپے 88 پیسے فی کلو، انڈے7 روپے25 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں لہسن7 روپے43 پیسے، دال ماش4 روپے10 پیسے فی کلومہنگی ہوئی، برائلرمرغی 2 روپے 48 پیسے فی کلو ، 20 کلو آٹے کا تھیلا 7 روپے 10 پیسے مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ دال چنا، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر، چاول، بیف، مٹن بھی مہنگا ہوا۔
اس کے علاوہ ایک ہفتے کے دوران سات اشیاء سستی بھی ہوئیں جن میں دال مسور، خوردنی گھی، کیلے اور چینی شامل ہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔