خیبر پختونخوا حکومت کا آئی ایم ایف کی شرط پر عمل سے انکار

خیبر پختونخوا حکومت نے حتمی معاہدے سے قبل ہی عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کی شرط پر عمل سے انکار  کردیا۔

خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرط پر سرپلس بجٹ نہیں چھوڑ سکتے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے اپنے وعدوں پر عمل درآمد نہیں کیا، مجموعی طور پر 100 ارب روپے کے بقایا جات واجب الادا ہیں۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو میں تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھاکہ 2010 کے بعد ملک بھر میں سب سے بڑا سیلاب ہے، فلڈ ریلیف میں صوبائی بجٹ سمیت مختلف منصوبوں کا بجٹ لگایاجائے گا۔

ان کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا میں سیلاب کے حوالے سے مفتاح اسماعیل کو خط لکھا ہے، موجودہ صورتحال میں آئی ایم ایف کو فلڈ ریلیف دینا چاہیے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 7 ویں اور 8 ویں جائزے پر مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں اور پاکستان نے لیٹر آف انٹینٹ پر بھی دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے 28 اگست کو میٹنگ ہوگی اور ایک ارب ڈالرز سے زائد کی قسط جاری ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :