27 اگست ، 2022
خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے پشاور میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جس سے صوبے میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جسکا مقصد صوبے میں سیلاب کے باعث پیدا ہونے والے صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ محکمے کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں، کنٹرول روم میں تمام متعلقہ محکموں کے نمائندے 24/7 ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دریاؤں کے کنارے موجود آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر شفیع اللہ خان نے بتایہ کہ سیلابی صورتحال کے دوران پھنسے لوگوں کی فوری مدد کیلئے ہاٹ لائن بھی قائم کی گئی ہے جہاں سیلاب میں پھنسے لوگ ان سے رابطہ کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب میں پھنسے لوگ کنٹرول روم سے رابطے کیلئے ان نمبروں 091111712713 یا 03041033435 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔