27 اگست ، 2022
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ پاک بھارت باہمی سیریز کا آپشن میرے پاس ہوتا تو ضرور جواب دیتا، پاک بھارت سیریز ہمارے ہاتھ میں نہیں یہ دونوں بورڈز اور دیگر لوگوں کے ہاتھ میں ہے، ہمیں جہاں کہتے ہیں ہم وہاں کھیلنے پہنچ جاتے ہیں۔
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں پاکستان کیخلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس میں روہت شرما نے کہا کہ وقت بتائے گا کہ اسپنرز کا ٹورنامنٹ ہو گا یا نہیں، ابھی پچ دیکھی نہیں سب ٹیموں کے پاس کوالٹی اسپنرز اور فاسٹ بولرز ہیں۔
روہت شرما نے کہا کہ شاہین اوربھمرا دونوں ٹیموں میں کوالٹی لاتے ہیں لیکن جن کو موقع ملے گا وہ بھی اچھا کریں گے، ماضی میں جو رزلٹ آیا اس کو بھلا کر کھیلنا ہو گا، پاکستان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ چیلنج رہا ہے، ہم ایک ٹیم کو فوکس نہیں کر رہے ٹورنامنٹ پر فوکس کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شکست سے دکھ ہوتا ہے، اب گزشتہ شکست کو وقت ہو چکا ہے اس شکست کے بعد بہت میچ کھیل چکے ہیں اپنی غلطیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ہے، ابھی بھی چیلنج ہے لیکن شکست کے بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہے، کووڈ کے بائیو سکیور ماحول کی وجہ سے مشکلات ہوئی، ہر کھلاڑی کو مشکل ہوئی، اگر کوئی کھلاڑی ذہنی طور پر متاثر ہونے کی بات کرتا ہے تو یہ غلط نہیں ہے، مینٹل ہیلتھ کا اچھا ہونا ضروری ہے۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ ہمارے لیے یہ غیر معمولی بات نہیں ہے کہ پاک بھارت کھلاڑی ایک دوسرے سے ملتے ہیں یا ہم فینز سے ملتے ہیں، ملنا جلنا عام بات ہے، یہ ہر میچ سے پہلے ہوتا ہے، پاک بھارت اچھی ٹیمیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی اچھے ٹچ میں لگ رہے ہیں، اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں، تازہ دم لگ رہے ہیں مجھے یہ سب دیکھ کر اچھا لگا۔
روہت شرما نے کہا کہ ہماری تیاری میں کوئی کمی نہیں ہے، تین اچھی سیشنز ملے ہیں، پاک بھارت باہمی سیریز کا آپشن میرے پاس ہوتا تو ضرور جواب دیتا، پاک بھارت سیریز ہمارے ہاتھ میں نہیں یہ دونوں بورڈز اور دیگر لوگوں کے ہاتھ میں ہے، ہمیں جہاں کہتے ہیں ہم وہاں کھیلنے پہنچ جاتے ہیں۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ پاک بھارت باہمی سیریز کا فیصلہ ہوتا ہے تو ضرور کھیلیں گے، ہم نے کھیلنا ہے، پاکستان جا کر بھی کھیل لیں گے لیکن اس کا فیصلہ میرے ہاتھ میں نہیں۔