29 اگست ، 2022
بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں مزید 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 248 تک پہنچ گئی۔
پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارش اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں مزید 6 افراد جان کی بازی ہار گئے،24گھنٹوں کے دوران 5 اموات مچ اور ایک چمن میں ہوئی۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق یکم جون سے اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 248 ہوگئی۔
سب سے زیادہ 27 ہلاکتیں کوئٹہ ،21لسبیلہ اور 17پشین میں ہوئیں،صوبے میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 106 افراد زخمی ہوچکے ہیں جن میں 57 مرد 13 خواتین اور 36 بچے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سیلابی ریلوں اور بارشوں سے مجموعی طور پر بلوچستان میں 61 ہزار 488 مکانات نقصان کا شکار ہوئے تو وہیں ایک لاکھ 45 ہزار 936 سے زائد مال مویشی سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے ہیں،اب تک مجموعی طور پر دو لاکھ ایکڑ زمین پر کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔