29 اگست ، 2022
پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے شوکت ترین کی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے خزانہ سے ٹیلی فونک بات چیت منظر عام آنے پر رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اگر شوکت ترین نے محسن لغاری اور تیمور جھگڑا سے بات کی ہے تو کون سی غلط بات ہے، شوکت ترین نے پنجاب اور کے پی کے وزیرخزانہ کو کہا کہ وفاق کو کہو کہ ہمارے پاس سیلاب آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوکت ترین نے دونوں وزرائے خزانہ کو کہا کہ وفاق کو کہیں کہ ہمارے پاس سرپلس نہیں، شوکت ترین کی آڈیو میں کٹ پیسٹ کی گئی ہے، یہ کام پہلے بھی یہ کرتے رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ تیمور جھگڑا نے وفاقی حکومت کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ کچھ اقدامات ہیں جو وفاق کو کرنے پڑیں گے، خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ کو دو مہینے ملاقات کا وقت نہیں دیا گیا، اب جب خط لکھا تو کیسے ملاقات کا وقت نکل آیا۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ آپ پہلے بھی سیاست کررہے تھے، پچھلے دو دن سے بھی سیاست کررہے ہیں، حقیقت ابھی تک صرف ایک خط ہے باقی سب صرف رولا ہے جو بھی بات چیت ہوئی اس کا آخری نتیجہ خط ہے۔