Time 30 اگست ، 2022
پاکستان

بلوچستان: بارشوں اور سیلابی ریلوں نے صوبے میں ریل کے پہیے کو ایک مرتبہ پھر جام کر دیا

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی ریلوں نے صوبے میں ریل کے پہیے کو ایک مرتبہ پھر جام کردیا۔

نصیر آباد میں ریلوے ٹریک بہہ جانے اور ہرک ریلوے پل ٹوٹ جانے سے صوبے سے اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس 10 روز سے اور ایران کیلئے ایک ماہ سے معطل ہے ۔

 ریلوے حکام کے مطابق اگلے 15 روز تک صوبے کیلئے ٹرین سروس بحال ہونے کا امکان نہیں ہے۔

ریلوے حکام کاکہنا ہے کہ 29جولائی کو چاغی میں سیلابی ریلوں کے باعث بہہ جانے والی کوئٹہ تفتان سیکشن کی مرمت ایک ماہ گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہوسکی جس کی وجہ سے ایران کیلئے ٹرین سروس بند ہے ۔

 بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں سبی جیکب آباد ریلوےسیکشن پر سیلابی ریلوں کے بعد پڑنے والے شگاف کے باعث اندرون ملک کیلئے 10 روز سے ٹرین سروس بند تھی کہ 5 روز قبل ہرک پل بھی گرگیا،جس کی وجہ سے ٹرین سروس بدستور معطل ہے ۔

اس حوالے سے ڈی ایس ریلویز کوئٹہ نثا ر احمد خان نے بتایا کہ منگل کو چیف انجینیئر برج کی سربراہی میں لاہور سے ٹیم آرہی ہے جو این ایل سی کے ساتھ  ہرک پل کاجائزہ لے گی جس کے بعد معلوم ہوسکے گا کہ ہرک پل کی مرمت کا کام کب شروع ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ اس پل کی مکمل مرمت میں کم ازکم 3 ماہ کا وقت درکار ہوگا جبکہ نصیر آباد میں ریلوے ٹریک کی مرمت میں مزید 15 دن لگ سکتے ہیں۔

مزید خبریں :