30 اگست ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توہین عدالت کی سماعت کرنے والے اسلام آباد ہائیکورٹ کے بینچ پر بھی اعتراض اٹھا دیا۔
عمران خان نے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کو دھمکانے کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے شوکاز نوٹس پر جواب جمع کرادیا۔
جواب میں عمران خان نے توہین عدالت کی سماعت کرنے والے اسلام آباد ہائیکورٹ کے بینچ پر بھی اعتراض اٹھا دیا اور کہا کہ قائم مقام چیف جسٹس نے آبزرویشن دی کہ معاملہ “ٹی روم “ میں زیر بحث آیا اور آبزرویشن میں کہا گیا تمام ساتھی ججوں نے توہین عدالت کی کارروائی پر اتفاق کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ یہ بہت سنجیدہ نوعیت کی ضابطے کی خلاف ورزی ہے، معاملے کو پہلے سے جج کرنے والے معزز جج صاحبان کیس سے الگ ہونے پر غور کریں۔
عمران خان نے شوکاز نوٹس کے جواب میں لکھا کہ اس کو عارضی جواب سمجھا جائے کیونکہ ماتحت عدالت کا ریکارڈ نہیں مل سکا، محدود معلومات اور جوڈیشل ریکارڈ کی بنیاد پر جواب تیار کیا ہے۔