31 اگست ، 2022
مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر طنز کیا ہے۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ عمران خان صاحب! اسسٹنٹ کمشنر نے ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے طور پر مجھے جیل بھیجا، ہتھکڑی سمیت 14 روز کے ریمانڈ پرجیل بھیجاگیا، اسسٹنٹ کمشنر نے مجھے جیل بھیجا تو آپ ایک لفظ نہ بولے،اب ایک ایڈیشنل سیشن جج کو دھمکانے کی دلیل کہ ایگزیکٹو مجسٹریٹ سمجھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج کو ایگزیکٹو مجسٹریٹ سمجھنے کی کیا منطق ہے جناب کی، ماشا اللہ۔
یاد رہے کہ خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکانے پر عمران خان نے معافی مانگنے سے انکار کردیا اور کہا کہ ان کے خیال میں زیبا چوہدری جوڈیشل مجسٹریٹ نہیں ایگزیکٹو مجسٹریٹ ہیں۔
20 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شہباز گل پر مبینہ تشدد کے خلاف آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد پرکیس کرنےکا اعلان کیا تھا اور دوران خطاب عمران خان نے شہباز گل کا ریمانڈ دینے والی خاتون مجسٹریٹ زیبا چوہدری کو نام لےکر دھمکی بھی دی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے خاتون سیشن جج زیبا چوہدری کو دھمکانے کے معاملےکا نوٹس لے لیا۔