02 ستمبر ، 2022
ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان اب نام بتا ہی دیں تو بہتر ہے، وہ انتظار کس بات کا کر رہے ہیں؟ قوم جاننا چاہتی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام "آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان کو ان دھمکیوں کا جواب دینا ہوگا۔
اسلام آباد پر چڑھائی جمہوریت کا راستہ تو نہیں لیکن عمران خان اب اسلام آباد بند کراکے بھی دیکھ لیں۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے پر اب عمران خان کو دیوار سے عوام لگائیں گے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عدالتیں مقبولیت کی بنیاد پر فیصلے نہیں کرتیں، جو معیار نواز شریف، طلال اور دانیال کیلئے تھا وہی عمران خان کیلئے بھی ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ سرگودھا جلسے سے خطاب کے دوران چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا تھا کہ وہ چار مہینے سے صبر کررہے ہیں، انہیں اتنا دیوار سے نہ لگایا جائے کہ وہ قوم کے سامنے ان سارے لوگوں کی شکلیں رکھ دیں، جنہوں نے مفادات کیلئے ملک کو مشکل میں ڈالا ہے۔