کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر شہری کو قتل کردیا

کراچی میں گلستان جوہر میں کار سوار شخص کو ڈاکوؤں نے مزاحمت پر قتل کردیا: پولیس — فوٹو فائل
کراچی میں گلستان جوہر میں کار سوار شخص کو ڈاکوؤں نے مزاحمت پر قتل کردیا: پولیس — فوٹو فائل

کراچی میں گلستان جوہر میں کار سوار شخص کو ڈاکوؤں نے مزاحمت پر قتل کردیا۔ مقتول واقعہ کے وقت بیوی بچوں کے ساتھ تھا۔

پولیس کے مطابق منور چورنگی کے قریب ذیشان نامی شخص کار میں اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ بیٹھا تھا کہ 2 ملزمان نے اسلحہ دکھاکر لوٹ مار کرنے کی کوشش کی تو ذیشان نے ملزمان کے ساتھ مزاحمت کی اور انکا پستول پکڑلیا جس پر ملزمان اسے گولی مار کر فرار ہوگئے، مقتول ذیشان اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔

واقعہ کے بعد گلستان جوہر پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھا کئے تاہم جائے وقوعہ سے پولیس کو گولی کا خول نہ مل سکا، مقتول ذیشان گلستان جوہر کا ہی رہائشی تھا اور کڈنی سینٹر میں بطور منیجر کام کرتا تھا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی گلستان جوہر بلاک 19 میں دکان پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کردیا تھا، واقعہ کی سی سی ٹی وی موجود ہونے کے باوجود پولیس کی جانب سے تاحال کوئی گرفتاری عمل  میں نہیں لائی جا سکی۔

دوسری جانب کورنگی کے علاقے اللہ والا ٹاؤن میں بھی ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کو قتل کر دیا۔

یاد رہے گزشتہ روز بھی کورنگی نمبر ایک میں ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کو قتل کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :