کھیل
Time 02 ستمبر ، 2022

بھارتی کپتان گھبرائے ہوئے ہیں، ان کیلئے کپتانی جاری رکھنا مشکل ہوگا: حفیظ

محمد حفیظ نے ٹوئٹر پر اپنے تجزیے کی ا یک ویڈیو شیئر کی ہے/فوٹوفائل
محمد حفیظ نے ٹوئٹر پر اپنے تجزیے کی ا یک ویڈیو شیئر کی ہے/فوٹوفائل

پاکستان کے سابق کھلاڑی محمد حفیظ نے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو ان کی کپتانی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

محمد حفیظ نے ٹوئٹر پر اپنے تجزیے کی ا یک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انھیں سرکاری ٹی وی کے پروگرام ’ گیم آن ہے‘ کے دوران بھارت کے ہانگ کانگ کے خلاف میچ جیت جانے کے باوجود روہت شرما کی گھبراہٹ پر بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں حفیظ نے روہت شرما کے چہرے کے تاثرات پر توجہ دلائی، جس میں روہت شرما کو ہانگ کانگ سے میچ جیتنے کے باوجود کسی ہارے ہوئے کھلاڑی کی طرح گراؤنڈ میں چلتا دیکھا جا سکتا ہے، اس موقع پر روہت کھلاڑیوں سے بددلی سے ہاتھ ملاتے بھی دیکھے گئے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ روہت شرما ٹاس کے وقت بھی بہت گھبرائے ہوئے لگ رہے تھے، یہ وہ روہت شرما نہیں تھے جن کی کارکردگی ہم شاندار اننگز میں  دیکھ چکے ہیں، میچ 40 رنز سے جیتنے کے باوجود آپ کے تاثرات ایسے تھے۔

حفیظ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں روہت کی کپتانی ان کو دباؤ دے رہی ہے، ان پر بہت سی مشکلات ہیں جن کا وہ سامنا کر رہے ہیں جس کی وجہ سے  ان کی اپنی کارکردگی پر بھی فرق پڑا ہے، ان کا جو فلو تھا یہ اس میں واپس نہیں آ سکے۔

سابق قومی کرکٹر کا مزید کہنا تھا اگرچہ روہت بہت کچھ کہہ رہے ہیں لیکن یہ سب ان کی اپنی باڈی لینگویج اور ٹیم کی صورتحال کے خلاف ہے جسے دیکھ کر مجھے لگتا ہے آئندہ روہت کے لیے کپتانی جاری رکھنا مشکل ہو گا۔

 سابق پاکستانی کپتان کا مزید  کہنا تھا کہ روہت بہت زیادہ وقت تک کپتان نہیں رہ سکیں گے کیونکہ اس طرح وہ اپنے ردھم میں نہیں آسکیں گے، روہت بہت کھوئے کھوئے سے رہتے ہیں، انہیں یا ان کے تھنک ٹینک کو چاہیے کہ وہ ان کے لیے بہتر فیصلہ کریں۔

مزید خبریں :