04 ستمبر ، 2022
پاکستان کی سب سے بڑی منچھر جھیل میں پانی کی سطح بلند ہونے سے بند ٹوٹنے کا خطرہ ہے جس سے سیہون کی 5 یونین کونسلیں ڈوبنے کا خدشہ ہے اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر مکینوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
منچھر جھیل میں تیز ہواؤں سے لہریں بلند ہونے لگی ہیں جس کے باعث بند پر دباؤ بڑھ گیا ہے اور جھیل کا پانی کناروں سے چھلکنے لگاہے، پانی اب دانستر ریگولیٹر کے دروازوں کے اوپر سے گزر رہا ہے۔
ادھر میہڑ اور جوہی شہر کے رنگ بندوں پر بھی پانی کا دباؤ بڑھ گیا ہے، شہری بوریوں میں مٹی بھر بھر کر بندوں کو مضبوط کرنے میں مصروف ہیں۔
مٹیاری کے قریب روہڑی کینال کے مقام چھنڈن شاخ کا ٹوٹنے والا گیٹ کئی گھنٹے بعد بھی نہ بن سکا، چھنڈن شاخ پانی سے بھرگئی اور 4 مقامات پر اس سے پانی باہر نکلنے لگا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے پانی دریائے سندھ میں ڈالنےکے لیے مشینیں لگا دی گئی ہیں۔
چھنڈن شاخ میں شگاف سے مٹیاری شہر سمیت قومی شاہراہ زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔