04 ستمبر ، 2022
وزیراعظم کی ہدایت پر بجلی کے 300 تک یونٹ استعمال کرنے والوں سے فیول چارج ایڈجسٹمنٹ نہ لینے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 300 اور اس سے کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے ایف سی اے وصول نہیں کیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جو شہری بل ادا کر چکے ہیں، ان کے آئندہ ماہ کے بلوں سے مطلوبہ رقم کم کر دی جائےگی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا تھا کہ بجلی کے 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے فیول چارج ایڈجسٹمنٹ نہیں لی جائے گی۔