04 ستمبر ، 2022
ٹیسلا اور اسپیس ایکس ایکس جیسی کمپنیوں کو اپنے سی ای او ایلون مسک کے باعث مختلف مقدمات کا سامنا ہوچکا ہے۔
اسی طرح ٹوئٹر کی ملکیت کا معاہدہ بھی عدالت پہنچ چکا ہے اور دیگر مسائل پر اداروں کی جانب سے ایلون مسک کے خلاف تحقیقات بھی کی جارہی ہے۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی ان قانونی مشکلات کو امریکا میں ایک لاء اسکول کی نئی کلاس کا موضوع بنالیا گیا ہے۔
کیلیفورنیا یونیورسٹی کے لاء اسکول میں 'لاء آف ایلون مسک' نامی کلاس کا آغاز کیا جارہا ہے جس میں ٹیسلا کے بانی کے قائدانہ انداز اور ٹیسلا کے خلاف مقدمات کے بارے میں پڑھایا جائے گا۔
کورس سمری کے مطابق نصاب میں ایلون مسک کی قانونی ناکامیوں کے بارے میں بتایا جائے گا۔
پروفیسر اسٹیفن Bainbridge اس کلاس کا انتظام سنبھالیں گے۔
پروفیسر اسٹیفن نے بتایا کہ ایلون مسک ایک بہت زیادہ ذہین اور مہم جو شخص ہیں جو بہت زیادہ قابل قدر خیالات پیش کرتے ہیں مگر انہیں اپنے طریقہ کار کی وجہ سے مسلسل قانونی مسائل کا سامنا بھی ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایلون مسک کے خلاف ٹوئٹر کا مقدمہ بہت دلچسپ ثابت ہونے والا ہے جبکہ ان کے خلاف پہلے ہی کئی مقدمات زیرسماعت ہیں جو اربوں ڈالرز کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان سب معاملات کو دیکھتے ہوئے ہمارا خیال ہے کہ ایلون مسک طالبعلموں کی توجہ اپنی جانب کھینچ سکتے ہیں۔