15 اگست ، 2022
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے انسانوں کو 'دیگر سیاروں کا باسی' بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
چین کے ایک جریدے کے لیے تحریر کیے گئے ایک مضمون میں ایلون مسک نے کہا کہ انسانی تہذیب کو دیگر سیاروں تک جانے کے قابل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 'اگر زمین رہائش کے قابل نہ رہے تو ہمیں ایک خلائی طیارے سے نئے گھر کی جانب پرواز کرنا ہوگا'۔
ایلون مسک نے مزید کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے پہلا قدم خلائی سفر کے اخراجات کو کم کرنا ہے اور اسی کے لیے انہوں نے اسپیس ایکس کی بنیاد رکھی۔
دنیا کے امیر ترین شخص کا کہنا تھا کہ وہ انسانی تہذیب کو بجھتی ہوئی شمع کی طرح دیکھ رہے ہیں اور ہمیں اپنی بقا کے لیے دیگر سیاروں کا رخ کرنے کی ضرورت ہے۔
ایلون مسک نے کہا کہ ان کی انسانوں کے لیے سب سے بڑی توقع یہ ہے کہ وہ مریخ میں ایک مستحکم شہر کو تعمیر کرسکیں۔
ایلون مسک برسوں سے مریخ میں انسانوں کے بسانے کے منصوبوں بات کرتے آرہے ہیں۔
اس مقصد کے لیے وہ کم از کم ایک ہزار اسٹار شپس تیار کرکے اس شہر کو تعمیر کرنے والے گروپس بھیجنا چاہتے ہیں۔
یہ مضمون چینی زبان میں تحریر کیا گیا تھا اور ایلون مسک کے ایک ترجمان نے تصدیق کی کہ اسپیس ایکس کے بانی نے اسے لکھا تھا۔
انہوں نے مضمون میں 'ہم خیال چینی شراکت داروں' کو مستقبل میں خلائی کھوج کا حصہ بننے کی دعوت بھی دی۔