Time 06 ستمبر ، 2022
پاکستان

پشاور : پی ٹی آئی جلسےکیلئے سرکاری مشینری کے استعمال کی ویڈیو سامنے آگئی

پشاور میں  پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے جلسے کی تیاریوں کے لیے سرکاری مشینری کے استعمال کی ویڈیو سامنے آگئی۔

سوشل میڈیا پر پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کرین کے ذریعے پی ٹی آئی کے جھنڈے لگانے کی ویڈیو سامنے آئی ہے جو کہ عوامی نیشنل پارٹی( اے این پی) کے مرکزی رہنما میاں افتخار حسین نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئرکی ہے ۔

 ویڈیو میں پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اہلکاروں کو کرین کے ذریعے شہر میں پی ٹی آئی کے جھنڈے لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

 ویڈیو کے ہمراہ شیئر کی گئی ٹوئٹ میں میاں افتخار حسین نے لکھا کہ  ’پشاور میں آج عمران کے جلسے  کے لیے سرکاری اخراجات پر  پی ڈی اے  کی گاڑی اور ملازمین جھنڈے لگوا رہے ہیں، جس کے وزیر خزانہ نے وفاقی حکومت کو خط لکھا ہے کہ خزانہ خالی ہے، آئی ایم ایف کے پیسے دینے سے ہم معذورہیں، ساری  پی ٹی آئی  پختونخوا کے پیسوں پر چل رہی ہے، مگر ملک  کے لیے پیسے نہیں ۔

  اے این پی رہنما کا اپنے بیان میں  مزیدکہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے جلسے میں پی ڈی اے کی گاڑی استعمال کی جارہی ہے، سرکاری مشینری اور سرکاری ملازمین سے جلسے کی تیاریوں کا کام لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب  پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی حکام  کا کہنا ہےکہ متعلقہ سپر وائزر کو معطل کردیا گیا ہے اور سپروائزر کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے۔

مزید خبریں :