06 ستمبر ، 2022
متحدہ عرب میں جاری ایشیا کپ میں جہاں شائقین کرکٹ سمیت قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی فاسٹ بولر محمد شاہین شاہ آفریدی کی کمی محسوس کر رہے ہیں وہیں شاہین کی حالت بھی کچھ ایسی ہی ہے۔
گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی ، نسیم شاہ اور حارث رؤف کی آپس میں ویڈیو کال کی گفتگو شیئر کی گئی تھی۔
ویڈیو کال میں شاہین کا کہنا تھا کہ انجری سے ریکور ہو رہا ہوں، ویٹ ٹریننگ شروع کر رہا ہوں، دو ہفتے کے بعد بو لنگ شروع کر دوں گا، یہی نہیں، نسیم شاہ کی مِس کرنے کی بات پر شاہین کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ سیریز میں ضرور ملیں گے، ایشیا کپ ضرور جیتنا ہے۔
اب شاہین نے اس ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے حارث اور نسیم شاہ سے محبت کا اظہار کیا اور ساتھ ہی ان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
ٹوئٹ میں شاہین نے لکھا کہ آپ دونوں اپنی کارکردگی سے ملک کا نام فخر سےبلند کر رہے ہیں ۔
فاسٹ بولر نے مزید لکھا کہ میں ٹیم جوائن کرنے کے لیے مزید انتظار نہیں کرسکتا۔