06 ستمبر ، 2022
افغانستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل کا کہنا ہے کہ گروپ میچز میں ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی پر اعتماد ہیں کہ کل کے میچ میں اچھا کھیلیں گے۔
سپر فور مرحلے میں پاکستان کے خلاف میچ سے قبل افغان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بابر اور رضوان ورلڈ کلاس پلیئر ہیں ،ان کے خلاف پلان تیار کیا ہوا ہے،جو پلان بنایا ہے، دیکھتے ہیں بولرز ان پر کیسے عمل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان ٹیم نے جو غلطیاں پچھلے میچ میں کیں انہیں نہیں دہرائیں گے، پاکستان کے خلاف ایک اچھا میچ ہوگا،شارجہ میں افغانستان ٹیم کے بہت فینز ہیں، امید ہے کہ شائقین کرکٹ اسٹیڈیم آئیں گے۔
عمر گل نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں جو میچ ہوا اسے بھولا کر میدان میں اتریں گے ،نئے میچ پر فوکس ہو گا، ہر کھلاڑی کو اپنے رول کا علم ہونا چاہیے، جب میں کھیلتا تھا تو ڈیتھ کے اوورز کرانا میرا رول تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بیٹرز کی طرح پاکستان کے خلاف میچ میں بولرز کے لیے بھی پلان بنایا ہوا ہے،شاہین آفریدی کی کمی محسوس کی جا رہی ہے وہ پاکستان کے تجربہ کار بولر ہیں لیکن ان کے علاوہ دوسرے بولرزبھی باصلاحیت ہیں اور تیز گیندیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں رہا ہوں، ان میں بہتری آئی ہے،میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔
عمر گل کا کہنا تھا کہ بابراعظم پاکستان کے اہم کھلاڑی ہیں، بیٹنگ ان کے ارد گرد گھومتی ہے، ان کا رنز نہ کرنا افغانستان کے لیے اچھا ہوسکتا ہے۔
انہوں نے بابر کی فارم کے حوالے سے کہا کہ فارم میں واپس آنا مشکل نہیں، ویرات کوہلی نے بھی لمبے وقفے کے بعد رنز کیے ،ہر کوئی چاہتا تھا کہ وہ رنز کریں، بابر بھی جلد رنز کریں گے ، ان کا اتنا لمبا وقفہ نہیں ہوا۔
افغانستان کے بولنگ کوچ نے مزید کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ،دونوں ممالک کے فینز کو کہوں گا کہ اسے میچ ہی لینا چاہیے،ہم دونوں ہمسایہ ممالک ہیں اور ہم مسلمان ملک ہیں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا چاہے۔
واضح رہے کہ کل شارجہ میں افغانستان اور پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں شارجہ میں مدمقابل ہوں گی۔