07 ستمبر ، 2022
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے افغانستان کا 130 رنز کا ہدف آخری اوور میں نسیم شاہ کے مسلسل 2 چھکوں کی بدولت پورا کیا۔
پاکستان کو6 گیندوں پر 11 رنز درکار تھے نسیم شاہ نے افغان بولر فضل حق فاروقی کو مسلسل 2 چھکے مار کر پاکستان کو کامیابی دلادی۔پاکستان کی فتح کے بعد سری لنکا بھی سپر فور مرحلے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں پہنچ گیا۔
پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ جیسی پارٹنر شپ کا سوچا تھا نہیں لگ سکی لیکن نسیم شاہ نے میچ اچھا فنش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے،نسیم شاہ کو بیٹنگ کرتے دیکھا ہے، لگتا تھا کہ وہ کچھ بھی کرسکتا ہے۔
اس کے علاوہ بابر نے کہا کہ شارجہ میں نسیم شاہ کے 2 چھکوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیجنڈری بیٹر جاوید میانداد کی یاد دلادی۔
جیسے ہی بابر نے جاوید میانداد کے 1986 میں شارجہ میں ہی بھارت کے خلاف مارے گئے تاریخی چھکے کی بات کی تو بابر سے انٹرویو لینے والے پریزنٹر روی شاستری بظاہر اداس دکھائی دیے۔
سابق بھارتی کرکٹر روی شاستری نے بابر کو کہا کہ میں اس وقت یہاں موجود تھا ، یاد دلانے کیلئے شکریہ۔
واضح رہے کہ 1986 میں شارجہ کے میدان میں آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میں جب پاکستان کو بھارت کے خلاف آخری گیند پر چار رنز درکار تھے، جاوید میانداد نے چتن شرما کی فل ٹاس گیند پر چھکا رسید کر کے پاکستان کو پہلا ایک روزہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ جتوایا تھا۔