کھیل
Time 08 ستمبر ، 2022

جس بیٹ سے 2 چھکے لگے وہ حسنین نے نسیم کو گفٹ کردیا، نسیم شاہ اس کا کیا کریں گے؟

ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف آخری اوور میں نسیم شاہ کے 2 چھکوں کی بدولت پاکستان نے میچ جیت لیا اور ٹورنامنٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی۔ اس میچ کی خاص بات یہ تھی کہ نسیم شاہ نے آخری اوور میں 2 چھکے لگا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

میچ کے بعد روی شاستری سے گفتگو میں نسیم شاہ کا کہنا تھاکہ ساتھ والے کھلاڑی سے بیٹ تبدیل کیا کیونکہ میرا بلا ٹھیک نہیں لگ رہا تھا اور پھر اس سے چھکے لگے۔

خیال رہے کہ کریز پر اس وقت فاسٹ بولر محمد حسنین تھے جنہوں نے نسیم شاہ کو اپنا بیٹ دیا تھا۔

اب پی سی بی کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں حسنین نے اپنا وہی بیٹ نسیم شاہ کو تحفے میں دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ نسیم اس بیٹ کا جو کرنا چاہیں وہ کر سکتے ہیں۔

ویڈیو میں موجود نسیم شاہ نے کہا کہ وہ اس بیٹ کو نیلام کریں گے اور اس سے حاصل کردہ رقم فلاحی مقصد کیلئے عطیہ کی جائے گی۔

مزید خبریں :