09 ستمبر ، 2022
پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد بھی نسیم شاہ کی بیٹنگ کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں پاکستان جونیئر لیگ کے مینٹور جاوید میانداد نے کہا کہ نسیم شاہ نے افغانستان کے خلاف کافی حکمت عملی سے بیٹنگ کی جو تعریف کے قابل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان اور افغانستان کا میچ کافی انجوائےکیا، اس میچ سے نوجوانوں کو سبق سیکھنا چاہیے کہ کبھی بھی ہمت نہ ہاریں، میچ کبھی بھی جیتا جاسکتا ہے ،کوشش یہی ہونی چاہیے کہ میچ میں آخر تک مقابلہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کو بھی میری طرح شارجہ میں فل ٹاس ہی ملیں جن کا انہوں نے فائدہ اٹھایا۔
یاد رہے کہ 1986 میں شارجہ کے میدان میں آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میں جب پاکستان کو بھارت کے خلاف آخری گیند پر چار رنز درکار تھے، جاوید میانداد نے چتن شرما کی فل ٹاس گیند پر چھکا رسید کر کے پاکستان کو پہلا ایک روزہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ جتوایا تھا۔
اس کے علاوہ جاوید میانداد نے ایشیا کپ کے فائنل کے لیے قومی ٹیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نارمل کرکٹ کھیلو، مجھے امید ہے پاکستان اچھی کرکٹ کھیلے گا۔
واضح رہے کہ شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے افغانستان کا 130 رنز کا ہدف آخری اوور میں نسیم شاہ کے مسلسل 2 چھکوں کی بدولت پورا کیا۔
پاکستان کو6 گیندوں پر 11 رنز درکار تھے نسیم شاہ نے افغان بولر فضل حق فاروقی کو مسلسل 2 چھکے مار کر پاکستان کو کامیابی دلادی