ایلون مسک انسٹاگرام سے ناخوش کیوں؟

ایلون مسک / فوٹو بشکریہ ٹیڈ ٹاکس
ایلون مسک / فوٹو بشکریہ ٹیڈ ٹاکس

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ایلون مسک نے فوٹو شیئرنگ ایپ کو 'حسد بڑھانے والا' پلیٹ فارم قرار دیا ہے۔

ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ انسٹاگرام حسد بڑھانے والا پلیٹ فارم ہے۔

اس ویڈیو میں دنیا میں حسد اور لالچ کے اثرات پر بات کی گئی تھی۔

ایلون مسک نے یہ بات اس وقت کہی جب وہ ایک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر سے عدالتی جنگ کے لیے تیار ہورہے ہیں۔

اس سے قبل اگست 2022 میں ایک پوڈ کاسٹ کے دوران بھی ایلون مسک نے انسٹاگرام کو شدید تنقید کا ہدف بنایا تھا۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ وہ انسٹاگرام استعمال نہیں کرتے، مگر ان کا ایک پرائیویٹ اکاؤنٹ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ انسٹاگرام اکاؤنٹ کو استعمال نہیں کرتے کیونکہ وہاں ان کا وقت سیلفیز کی وجہ سے ضائع ہوتا ہے۔

ایلون مسک نے کہا کہ یہی وجہ ہے جب بھی وہ کسی بات کا اظہار کرنا چاہتے ہیں تو ٹوئٹر کا استعمال کرتے ہیں۔

2018 میں ایک انٹرویو کے دوران ایلون مسک نے کہا تھا کہ انسٹاگرام لوگوں کو حقیقی دنیا سے زیادہ خوبصورت اور خوش باش دکھاتا ہے۔

مزید خبریں :