15 ستمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیفٹ آرم بیٹر فخر زمان بھی گھٹنے کی انجری کا لندن میں علاج کرائیں گے۔
اس حوالے سے ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بیٹر فخر زمان جمعہ کو لندن روانہ ہوں گے، پی سی بی نے لندن میں فخر کیلئے ڈاکٹرز سے وقت لے لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق فخر زمان ایشیا کپ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے، لندن میں فخر زمان ڈاکٹر امتیاز اور ڈاکٹر ظفر کی نگرانی میں ری ہیب کرائیں گے۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے ترجمان پی سی بی نے بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس میں بہتری آئی ہے، شاہین آفریدی کا ری ہیب ٹریک کے مطابق ہے، ورلڈ کپ سے قبل شاہین آفریدی کی فٹنس کی مکمل بحالی کیلئے پر امید ہیں۔
ترجمان پی سی بی نے شاہد آفریدی کی جانب سے دیے گئے بیان کی وضاحت میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کے میڈیکل اور ری ہیب کے تمام انتظامات کرتا ہے۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی انجری سے نجات کیلئے اپنے خرچے پر انگلینڈ گیا ہے، شاہین اپنے پیسوں پر انگلینڈ میں رکا ہوا ہے، ڈاکٹر سے رابطہ بھی میں نے یہاں سے کروا کردیا، اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کچھ نہیں کر رہا۔