18 ستمبر ، 2022
یوٹیلٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کی متعدد اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق ایک کلو کپڑے دھونے کا پاؤڈر 75 روپے جبکہ بچوں کے ڈائپر 348 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ، ڈائپر کا سمال سائز کا پیک 1352 سے بڑھا کر 1700 روپے کا کر دیا گیا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق 100 گرام ٹوتھ پیسٹ کی قیمت 10 روپے تک اضافے کے بعد 133 روپے سے بڑھا کر 143 روپے ہو گئی۔
200 ملی لیٹر (ایم ایل) باڈی واش 30 روپے تک مہنگا کردیا گیا جبکہ 275 گرام ڈش واش کی قیمت میں 50 روپے تک اضافے کے بعد 90 روپے سے بڑھ کر 140 روپے کا ہوگیا ہے۔
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ٹشو پیپر کے ڈبے کی قیمت میں بھی 11 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے جبکہ 800 ایم ایل کیڑے مار اسپرے کی قیمت میں 300 روپے اضافے کے بعد 800 ایم ایل کیڑے مار لکوئڈ 490 روپے سے بڑھ کر 790 روپے کا ہو گیا۔
نوٹیفیکیشن میں 300 گرام شہد کے جار کی قیمت میں 60 روپے، سبز قہوہ کے 45 گرام پیک کی قیمت میں 20 روپے، 250 گرام میکرونی کی قیمت میں 11 روپے، 66 گرام نوڈلز کی قیمت میں 5 روپے جبکہ اچار، مختلف برانڈز کے بسکٹ، جیلی اور صرف کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔