Time 18 ستمبر ، 2022
صحت و سائنس

روزانہ 4 کپ چائے پینے کا یہ اثر جانتے ہیں؟

یہ دعویٰ ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا / فائل فوٹو
یہ دعویٰ ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا / فائل فوٹو

چائے پینے کی عادت ذیابیطس ٹائپ 2 سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ووہان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ کم از کم 4 کپ چائے پینے سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق روزانہ 4 یا اس سے زیادہ کپ چائے پینے سے آنے والے 10 برسوں میں ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ 17 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

محققین نے کہا کہ نتائج حوصلہ افزا ہیں کیونکہ ان سے عندیہ ملتا ہے کہ روزانہ 4 کپ چائے پینے سے ذیابیطس جیسی بیماری کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چائے کا یہ فائدہ اس وقت بڑھ جاتا ہے جب لوگ چائے میں دودھ کا اضافہ کردیں۔

اس سے قبل بھی ماضی میں تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا تھا کہ دودھ یا اس سے بنی مصنوعات ذیابیطس کا شکار ہونے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

محققین نے بتایا کہ ہمارے خیال میں ذیابیطس سے تحفظ کے لیے چائے کا اثر دودھ کے اضافے سے بڑھ جاتا ہے۔

اس تحقیق میں چائے اور ذیابیطس کے درمیان تعلق پر ماضی میں 11 لاکھ افراد پر ہونے والی 19 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا تھا۔

تحقیق میں چائے پینے اور ذیابیطس کے خطرے میں کمی کے درمیان تعلق کو دریافت کیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ دن بھر میں ایک، 2 یا 3 کپ چائے پینے سے ذیابیطس کا خطرہ 4 فیصد تک کم ہوجاتا ہے جبکہ 4 یا اس سے زیادہ کپ چائے پینے سے یہ خطرہ 17 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ چائے میں موجود مخصوص اجزا جیسے پولی فینولز سے ممکنہ طور پر بلڈ گلوکوز کی سطح کم ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نتائج مشاہداتی ہیں اور فی الحال یہ ثابت نہیں ہوتا ہے کہ چائے پینے سے براہ راست ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ کم ہوتا ہے، اس کو ثابت کرنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

اس تحقیق کے نتائج یورپین ایسوسی ایشن فار دی اسٹڈی آف Diabetes کے سالانہ اجلاس میں پیش کیے گئے۔

مزید خبریں :