پاکستان
Time 19 ستمبر ، 2022

سندھ میں بارش اور سیلاب کی تباہی سے بے گھر لوگ بیماریوں کا شکار ہونے لگے

سندھ میں بارش اور سیلاب کی تباہی سے بے گھر لوگ بیماریوں کا شکار ہونے لگے

سندھ میں بارش اور سیلاب کی تباہی سے بے گھر ہونے والے لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے متاثرین مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے ہیں۔

سندھ میں سیلاب سے ملیریا،ہیضے،ڈائریا اور دیگر امراض پھوٹ پڑے، بچے، بوڑھے اور خواتین ان بیماریوں سے متاثر ہو رہے ہیں۔

متاثرین اور بیماروں کی تعداد بہت زیادہ بڑھتی جا رہی ہے جبکہ طبی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، ایسے میں سماجی اور فلاحی تنظیمیں بھی سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

سیلاب متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کا اکیلے اتنی بڑی تعداد میں متاثرین کو ریلیف اور طبی سہولیات فراہم کرنا ممکن نہیں اس لیے عالمی برادری آگے بڑھے اور متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے۔

واضح رہے کہ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب تک 25 لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق 20 ہزار کے قریب افراد جلدی امراض میں مبتلا ہوئے، ڈائریا کے 17 ہزار 919 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ملیریا کے 2 ہزار 622 اور ڈینگی کے 64 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔


مزید خبریں :