لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنیوالے فل سالٹ نے پاک انگلینڈ سیریز سے متعلق کیا کہا؟

انگلش کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر فل سالٹ کا ماننا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کھیلنے کا تجربہ انگلش کرکٹرز کو پاکستان کیخلاف سیریز میں کافی مددگار ثابت ہوگا، جن پلیئرز نے پی ایس ایل کھیلا ہے وہ دیگر کرکٹرز کو اپنے تجربات سے مستفید کر رہے ہیں۔

جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنیوالے 26 سالہ کرکٹر نے کہا کہ پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے، ہوم گراؤنڈ پر اس کو  ہرانا کافی مشکل ہے لیکن کوشش ہوگی کہ پاکستان کیخلاف سیریز میں اچھا پرفارم کرکے بلند حوصلوں کے ساتھ ورلڈ کپ کی جانب سفر کریں۔

فل سالٹ انگلینڈ کے ان کرکٹرز میں سے ہیں جو پاکستان سپر لیگ میں باقاعدگی سے شریک ہوتے ہیں، وہ انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے سے قبل ہی پی ایس ایل کاحصہ بن چکے تھے، ان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی شرٹ پہننا ہمیشہ ہی خاص بات ہوتی ہے اور اس تاریخی دورے پر ٹیم کا حصہ بننا باعث فخر ہے، ایک بار پھر پاکستان آکر اچھا لگ رہا ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان سپر لیگ کھیلنے کی وجہ سے انہیں اس سیریز کیلئے کوئی فائدہ ہو رہا ہے تو انہوں نے کہا کہ ’بلاشبہ مجھے یہاں کی کنڈیشنز کا بہت اچھی طرح اندازہ ہے، میں نے یہاں پی ایس ایل کے تین سیزن کھیلے، لاہور قلندرز کے ساتھ کامیاب اسکواڈ کا حصہ رہا، پاکستان بھر میں کھیلا جس کی وجہ سے اندازہ ہے کہ یہاں کنڈیشنز کیسی ہوں گی، پچز کیسی ہوں گی،جب آپ اپنی قومی ٹیم کے ساتھ اوے ٹور  پر آتے ہیں تو یہ معلومات بہت فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں اور یہ معاملہ صرف میرے ساتھ نہیں بلکہ اسکواڈ کے دیگر پلیئرز بھی یہاں آکر  پی ایس ایل کھیل چکے ہیں اور ہم نے بطور اسکواڈ اپنے تجربات کی بنیاد پر تبادلہ خیال کیا ہے کہ یہاں کنڈیشنز کیسی ہوں ہوں گی اور اس پر کس طرح کھیلنا ہے۔‘

فل سالٹ نے کہا کہ پاکستان کی وکٹیں برصغیر کی دیگر وکٹوں سے تھوڑی سی مختلف ہیں، کبھی کبھار ایسا لگتا ہے کہ یہاں کی وکٹیں خاص ہیں، اس پر باؤنس زیادہ نہیں ہوتا لیکن پھر بھی گیند تیزی سے آتا ہے، ایسی وکٹ کراچی اور لاہور کے بعد شاید شارجہ میں ہی ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اچھی سائیڈ ہے اور اس کو ہوم گراؤنڈ پر ہرانا بہت مشکل کام ہے، انگلینڈ اسکواڈ بطور ٹیم پاکستان کا کافی احترام کرتا ہے اور اس بات سے واقف ہے کہ اگر سیریز جیتنی  ہے تو پاکستان کیخلاف کافی اچھی کرکٹ کھیلنی ہوگی۔

فل سالٹ کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کی یہ سیریز کافی اہم ہےکیوں کہ یہ وہ وقت ہے جب ہر ٹیم ورلڈ کپ سے قبل اپنی تیاری کررہی ہے اور کوشش کررہی ہے کہ وہ بہترین انداز میں ورلڈ کپ میں داخل ہو، انگلینڈ کیلئے اہم ہے کہ یہاں ردھم حاصل کرلیں اور پاکستان کو دباؤ میں رکھیں۔

مزید خبریں :