Time 20 ستمبر ، 2022
کھیل

آصف محمود کے تباہ کن یارکر نے وکٹ کے 2 ٹکڑے کردیے، ویڈیو وائرل

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں سندھ کے فاسٹ بولر  آصف محمود کے شاندار  یارکر کے چرچے ہیں جس نے اسٹمپ کے ہی دو  ٹکڑے کر ڈالے۔

سندھ اور خیبرپختونخوا کی ٹیموں کے درمیان گزشتہ روز ملتان اسٹیڈیم میں فائنل کھیلا گیا جس میں  آصف محمود کے شاندار یارکر نےکے پی کے عمران جونیئر کو تو کلین بولڈ کیا ہی لیکن ساتھ ہی مڈل اسٹمپ کے دو  ٹکڑے کردیے۔

یہ واقعہ کے پی کی اننگز کے آخری اوور میں پیش آیا جس نے ہر دیکھنے والے کو حیران کردیا۔

آصف محمود کی اس شاندار گیند کی ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی۔

خیال رہے کہ  فائنل میں خیبر پختونخوا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک گیند قبل 140 رنز بناکر آوٹ ہوگئی تھی ،ریحان آفریدی 43 رنز بناکر نمایاں رہے،محمد سرور نے 30 رنز بنائے۔

سندھ کی جانب سے سہیل خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں ،آصف محمود اور میر حمزہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیبر پختونخوا کے 141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شرجیل خان کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت سندھ نے ہدف 15 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، شرجیل خان نے 36 گیندوں پر 53 رنز بنائے،صائم ایوب نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔

مزید خبریں :