Time 20 ستمبر ، 2022
کھیل

ٹیم میں واپس آکر اسکور کر کے بہت اچھا لگ رہا ہے، انگلش بیٹر ایلکس ہیلز

فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی

پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شاندار بیٹنگ کرنے والے انگلش بیٹر ایلکس ہیلز کا کہنا ہے کہ یہ ایک اسپیشل وقت ہے ،ٹیم میں واپس آکر اسکور کر کے بہت اچھا لگ رہا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایلکس ہیلز نے کہا کہ اچھے بولنگ اٹیک کے سامنے رنز کرنے سے اعتماد ملتا ہے، میں نے پاکستان میں کافی وقت گزارا ہے، اس جگہ سے میری کافی یادیں وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے کراؤڈ کے سامنے کھیلنے میں بہت مزہ آیا،کراؤڈ بہت شاندار تھا، لوگ بہت شور کر رہے تھے۔

ان کا کہناتھا کہ میں نے پاور پلے میں پاکستانی بولرز کو چارج کرنے کی کوشش کی، بدقسمتی سے شروع میں باؤنڈریز نہیں ملیں لیکن خوش ہوں کہ وقت لیا اور اپنی ٹیم کو میچ جتوایا۔

انگلش بیٹر نے کہا کہ میں اپنا تجربہ دوسرے کھلاڑیوں کو دینے کی کوشش کر رہا ہوں، ان وکٹوں پر کھیلنے کا کافی تجربہ ہے، نوجوان ٹیم کے ساتھ میچ جیتنا کافی اچھا ہے۔سینیئر کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں نوجوان نے اچھا کھیلا۔

واضح رہے کہ 7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

ایلکس ہیلز نے 40 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید خبریں :