22 ستمبر ، 2022
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر کائنات امتیاز کا کہنا ہے کہ ٹیم کی خراب پرفارمنس پر شوہر کو بھی باتیں سننا پڑتی ہیں۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے کائنات امتیاز نے کہا کہ اگر یہ سوال شادی شدہ ویمن کرکٹر سے پوچھا جاتا ہے کہ انہیں کوئی مسئلہ تو نہیں تو یہ سوال لڑکوں سے بھی پوچھا جانا چاہیے کیونکہ شادی کے بعد زیادہ تر کرکٹرز کھیل رہے ہو تے ہیں۔
انہوں نے کہا شادی شدہ ہونے کی وجہ سے مجھے تو کسی مشکل کا سامنا نہیں ہے، میں سمجھتی ہوں کہ کھیل میں شادی شدہ ہونے کا مسئلہ صرف لڑکیوں کو ہی نہیں لڑکوں کو بھی ہوسکتا ہے ، فیملی کی سپورٹ بہت ضروری ہے ، چاہے وہ لڑکا ہو یا لڑکی ۔
پاکستانی کرکٹر نے مزید کہا کہ والدین نے بہت سپورٹ کی ، اور ان کی وجہ سے ہی میں کرکٹر بنی ، شادی کے بعد اب سسرال میں حوصلہ افزائی مل رہی ہے ، میرے شوہر مجھے بہت سپورٹ کر رہے ہیں،اچھا نہ کھیلنے پر شوہر بھی تنقید کرتے ہیں لیکن بہت متحرک بھی کرتے ہیں ، عام فینز کی طرح شوہر بھی چاہتے ہیں کہ پاکستان ٹیم تسلسل کے ساتھ کھیلے ، پاکستان ٹیم کی خراب پرفارمنس پر میرے شوہر کو باتیں سننا پڑتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری فیملیز سے درخواست ہے کہ لڑکیوں کو سپورٹ کریں ، فیملیز اگر سپورٹ نہیں کریں گی تو کھیل کی طرف لڑکیاں نہیں آئیں گی۔
کائنات نے کہا کہ ایشیا کپ پاکستان میں لانے کا ہدف ہے ، اس وقت ایک ہی مائنڈ سیٹ ہے اور وہ یہ ہے کہ تسلسل کے ساتھ کھیلنا ہے ، اس وقت ٹیم میں تسلسل کی کمی ہے ، انفرادی طور پر تو کئی کھلاڑی اچھا پرفارم کر رہی ہیں لیکن ٹیم کی مجموعی کارکردگی میں تسلسل کا فقدان ہے ، اس لائن کو کراس کرنا ہے ، شکست پر ہمیں بھی مایوسی ہوتی ہے ، ہم ایک دوسرے کو متحرک کرتی ہیں ، تنقید کو مثبت لیتی ہیں اور اچھا کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
خیال رہے کہ کائنات امتیاز ان دنوں لاہور کنٹری کلب مرید کے میں ویمن ایشیا کپ کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔