25 ستمبر ، 2022
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ٹرانس جینڈر بل کے حوالے سے حکومت کو الٹی میٹم دے دیا ہے۔
دیر بالا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا خواجہ سراوں کے حقوق کا تحفظ کرتے ہیں لیکن خواجہ سراوں کے تحفظ کی آڑ میں ثقافت، تہذیب اور اسلامی اقدار کو ختم نہیں کرنے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے ٹرانس جینڈر بل میں تبدیلی کے لیے تجاویز دی ہیں، پہلے سود اور اب ٹرانس جینڈربل کے معاملے پر ہمارا جھگڑا نظام سے ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے لیے نہ بلاول نہ شہباز شریف اور نہ ہی عمران خان نے بات کی ہے، یہ سب امریکی غلام ہیں، کل مسلم لیگ ن رو رہی تھی، آج پی ٹی آئی رو رہی ہے اور کل پھر شہباز شریف کی باری ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا اگر ٹرانس جینڈر بل میں تبدیلی نہ کی گئی تو اسلام آباد تک مارچ کا اعلان کیا جائے گا۔