25 ستمبر ، 2022
اگر آپ نے کبھی یورپ کے خوبصورت ملک آئس لینڈ کی سیر کرنے کا سوچا ہے تو 'دنیا کی بہترین ملازمت' کے ذریعے ایسا مفت کرنا ممکن ہے بلکہ آپ لاکھوں روپے بھی کما سکتے ہیں۔
ایک کمپنی کی جانب سے ایسی ملازمت کی پیشکش کی گئی ہے جس میں بس آئس لینڈ میں گھومنا ہوگا اور بس، جس کے لیے وہ 50 ہزار ڈالرز (ایک کروڑ 20 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کا معاوضہ بھی ادا کرے گی۔
صرف ایک فرد کو اس ملازمت کے لیے منتخب کیا جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے آن لائن درخواستیں جمع کی جائیں گی اور ایسے فرد کو تلاش کیا جائے گا جو آئس لینڈ میں گھوم کر وہاں کی تصاویر اور ویڈیوز بنائیں اور مقامی کھانوں سے لطف اندوز ہو۔
اس ملازمت کا مقصد آئس لینڈ کے سادہ طرز زندگی کے فوائد کو دنیا کے سامنے لانا ہے۔
کمپنی کی جانب سے منتخب کردہ فرد کو آئس لینڈ کی سیر کے بہترین تجربے کے لیے ہرممکن سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
اس فرد کو آئس لینڈ میں کم از کم ایک ماہ تک رہنا ہوگا مگر یہ قیام 6 ماہ تک بڑھایا بھی جاسکتا ہے۔