26 ستمبر ، 2022
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی ایک اور آڈیو سامنے آنے والی ہے جو مجھ سے متعلق ہے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا بھارت کی آئی ٹی ایکسپورٹ 140 ارب ہے اور ہمارے دور میں آئی ٹی سیکٹر میں ریکارڈ 32 ارب ایکسپورٹس ہوئیں، ہم نے آئی ٹی سیکٹر کو ٹیکس سے استثنیٰ دیا، جب بھی حکومت آئی، اسٹارٹ اپس اور آئی ٹی سیکٹر کو ٹیکس کی چھوٹ دیں گے، ہمارے آخری سال میں آئی ٹی کی ایکسپورٹ 75 فیصد بڑھی۔
ان کا کہنا تھا طاقتور ظالم کا مقابلہ بزدل اور خودغرض نہیں کر سکتے، ایلیٹ سوچتی ہےکہ ہم کیوں ظالم کا مقابلہ کریں، قوم کو بدترین مہنگائی میں دھکیل دیا گیا اور کابینہ ارکان نے آتے ہی اپنے کیسز ختم کرنے شروع کر دیے۔
ان کا کہنا تھا ہم تو روس سے سستا تیل اور سستی گندم لینے کے لیے مذاکرات کر آئے تھے، یہ لوگ پاکستان آتے ہیں پیسا لوٹ کر باہر چلے جاتے ہیں، اسحاق ڈار وزیراعظم کے جہاز میں بیٹھ کر باہر گئے۔
یہاں چوروں کے ساتھ ڈیل ہوتی ہے، اسحاق ڈار ن لیگ کی حکومت کے دوران یہاں سے گئے، اسحاق ڈار جواب نہیں سکتے تھے اس لیے بھاگ گئے، اسحاق ڈار ڈیل کے تحت واپس آ رہے ہیں، چوروں کو این آر او دیا جاتا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر کو شریف خاندان کے گھر کا نوکر قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ سے فری اینڈ فیئر الیکشن ہو سکتا ہے لیکن چیف الیکشن کمشنر نے نواز شریف اور زرداری کے کہنے پر ای وی ایم نہیں آنے دی۔
ان کا کہنا تھا ایک اور آڈیو آنے والی ہے جس میں مریم اپنے والد سے کہہ رہیں ہیں فکر نہ کریں الیکشن کمیشن توشہ خانہ میں عمران خان کو نااہل کرنے والے ہیں، باپ ملک سے باہر بیٹھا ہوا ہے اور بیٹے کہتے ہیں ہم پاکستانی شہری نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ آڈیو لیکس کے بعد تھوڑی سی بھی شرم ہو تو یہ مستعفی ہو جائیں، ان میں شرم نہیں ہے تو ہمیں ان کو مستعفی کرانا ہو گا، آڈیو لیکس میں شہباز شریف، مریم نواز کو طریقے بتا رہے ہیں، مریم نواز کا داماد بھارت سے مشینری منگوا رہا ہے۔