Time 26 ستمبر ، 2022
پاکستان

مرتضیٰ وہاب کا ایڈمنسٹریٹر کراچی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان

کراچی شہر کے لیے دن دیکھا نہ رات، بس کام کیا، تمام بڑی شاہراؤں کو ہم نے بنوایا لیکن شاید کچھ لوگوں کو یہ پسند نہیں: مرتضیٰ وہاب۔ فوٹو فائل
کراچی شہر کے لیے دن دیکھا نہ رات، بس کام کیا، تمام بڑی شاہراؤں کو ہم نے بنوایا لیکن شاید کچھ لوگوں کو یہ پسند نہیں: مرتضیٰ وہاب۔ فوٹو فائل

کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کراچی شہر کے لیے دن دیکھا نہ رات، بس کام کیا، تمام بڑی شاہراؤں کو ہم نے بنوایا۔

انہوں نے کہا کہ جس بلدیہ عظمیٰ کے لیے کہا کہ اختیارات نہیں، اسی نے کام کر کے دکھایا، ہم نے شہر میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، بس یہ غلطی کہ پیسہ اپنی جیب میں نہیں ڈالا بلکہ شہر کے لیے کام کرنے کا سوچا۔

انہوں نے کہا کہ میونسپل ٹیکس مصطفیٰ کمال اور وسیم اختر کے زمانے میں بھی تھا، مصطفیٰ کمال کے دور میں ٹیکس 200 روپے سے شروع ہوکر 5000 روپے تک جاتا تھا لیکن ہم نے کراچی والوں کے لیے سوچا لیکن شاید کچھ لوگوں کو کراچی میں کام ہوتا پسند نہیں تھا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا وسیم اختر کے دور میں جو میونسپل ٹیکس اکٹھا ہوتا تھا وہ ایک پرائیویٹ کمپنی کے ذریعے اکٹھا ہوتا تھا لیکن میں نے سوچا کہ کیوں نا اسے کسی سرکاری طریقے سے اکٹھا کیا جائے اور بہت مشکل سے اس کام کے لیے کے الیکٹرک اور اپنی صوبائی حکومت کو راضی کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارا کے الیکٹرک کے ساتھ معاہدہ ہوا کہ جتنا پیسہ بھی میونسپل ٹیکس کی مد میں اکٹھا ہو گا وہ آپ ہمیں دیں گے لیکن شاید کچھ لوگوں کو یہ چیز پسند نہیں تھی۔

مزید خبریں :