پاکستان
Time 21 جولائی ، 2022

حافظ نعیم اپنے گھر کے میئر بن سکتے ہیں: مرتضیٰ وہاب

ہم الیکشن کے لیے تیار تھے، اختیارات کا الیکشن اور حلقہ بندیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے: ایڈمنسٹریٹر کراچی/ فائل فوٹو
ہم الیکشن کے لیے تیار تھے، اختیارات کا الیکشن اور حلقہ بندیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے: ایڈمنسٹریٹر کراچی/ فائل فوٹو

کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہےکہ  بلدیاتی انتخابات کی جو تاریخ الیکشن کمیشن کہے گا ہم اس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے جب کہ حافظ نعیم اپنے گھر کے میئر بن سکتے ہیں۔

سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ الیکشن کروانا اورکس وقت پر کرانا ہے الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے مگر پی ٹی آئی انتخابات ملتوی ہونے کا الزام پیپلز پارٹی پر ڈال رہی ہے،  ہم نے عدالت میں بھی یہی کہا کہ الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، ہمارا مؤقف ہے کہ جو تاریخ الیکشن کمیشن کہے گا ہم اس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کے لیے تیار تھے، اختیارات کا الیکشن اور حلقہ بندیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم اختیارات کے حوالے سے قانون میں ترمیم لارہے ہیں، حلقہ بندیاں بھی قانون کے مطابق ہوئی ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ انتخابات اتوار کو ہونے چاہئیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھاکہ حافظ نعیم اپنے گھر کے میئر بن سکتے ہیں، دھرنوں اور احتجاج سے باہر نکلیں، ہمارے کئی امیدوار حیدرآباد میں بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :