پاکستان
Time 26 ستمبر ، 2022

'عمران خان کو جلسےکی اجازت دینے پر وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی کیخلاف کارروائی کی جائے'

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مطالبہ کیا ہےکہ عمران خان کو جلسےکی اجازت دینے  پر گورنمنٹ کالج  (جی سی) یونی ورسٹی کے وائس چانسلرکے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

ٹوئٹر پر ایک بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ  تعلیمی ادارے کو سیاسی نفرت پھیلانے کے لیے استعمال کرنا ایک ایسا جرم ہے جس کی سزا ضرور ملنی چاہیے۔

مریم نواز نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو جلسےکی اجازت دینے پرگورنمنٹ کالج یونی ورسٹی کے وائس چانسلرکے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

ایک بیان میں وفاقی وزیر احسن اقبال کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جی سی یونیورسٹی کو سیاسی اکھاڑے میں تبدیل کر دیا گیا، بحیثیت راوین مجھے اس پر بے حد دکھ پہنچا ہے، مادر علمی زہر آلود اور نفرت انگیز تقریر کی جگہ نہیں ہوتی۔

 احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے عمران نیازی کو جلسےکی اجازت دے کر تعلیمی ادارےکا تقدس پامال کیا۔

دوسری جانب گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے یونی ورسٹی میں سیاسی پروگرام کے انعقاد کا نوٹس لے لیا ہے۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک کے نامور تعلیمی ادارے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کو سیاسی اکھاڑہ بنانا افسوس ناک ہے، جامعات میں اس طرح کے سیاسی جلسوں کی گنجائش نہیں، بچے ہمارا مستقل اور قومی سرمایہ ہیں انہیں سیاست میں دھکیلنے کی کوئی گنجائش نہیں۔

مزید خبریں :