کمپنی کا ملازمین کو وزن کم کرنے کا چیلنج، لاکھوں روپے انعام کی پیشکش

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

 بھارت میں ایک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو( سی ای او) نے گھر سے کام کرنے کے دوران موٹاپے کا شکار ہونے والے ملازمین کو  اپنا وزن کم کرنے کا چیلنج دیتے ہوئے لاکھوں روپے انعام کی پیشکش بھی کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آن لائن بروکریج کمپنی کی جانب سے اپنے ملازمین کے لیے فٹنس چیلنج متعارف کرایا گیا ہے۔

کمپنی کے سی ای او کا کہنا ہے کہ فٹنس چیلنج کو مکمل کرنے والے ملازمین کی مراعات میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ ان میں سے  ایک خوش قسمت ملازم کو 10 لاکھ بھارتی روپے(29 لاکھ سے زائدپاکستانی رقم) کا انعام بھی دیا جائے گا۔

فٹنس چیلنج میں ملازمین کو روزانہ کم از کم اپنے جسم کی 350 کیلوریز  کم کرنا ہوں گی، اس کے علاوہ ملازمین وزن کم کرنے کے حوالے سے روزانہ کے اپنے اہداف بھی طے کرسکتے ہیں۔

کمپنی کے سی ای او کا کہنا ہے کہ جو بھی ملازمین فٹنس چیلنج کو اگلے ایک سال کے 90 فیصد دنوں تک پورا کرتے رہے انہیں بونس کے طور پر ایک ماہ کی اضافی تنخواہ ملے گی جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک خوش قسمت ملازم کو 10 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کمپنی کورونا کے باعث گھر سے کام کرنے والے ملازمین کی صحت کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔

مزید خبریں :