محنت سے کام کرنے پر کمپنی کا ملازمین کو چھٹیاں منانے اسپین لے جانے کا اعلان

کارڈف میں ایک ریکروٹمنٹ کمپنی اپنے عملے کے 55 سے زائد ارکان کو چھٹیاں منانے کیلئے اسپین کے کینری جزائر کی سیر کیلئے لے جارہی ہے ۔ —فوٹو: فائل
کارڈف میں ایک ریکروٹمنٹ کمپنی اپنے عملے کے 55 سے زائد ارکان کو چھٹیاں منانے کیلئے اسپین کے کینری جزائر کی سیر کیلئے لے جارہی ہے ۔ —فوٹو: فائل 

برطانیہ میں قائم ایک  کمپنی نے کورونا وبا کے دوران  بھی محنت اور دل سے کام کرنے والے ملازمین کا شکریہ ادا کرنے کیلئے ایک بہترین طریقہ اختیار کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے شہرکارڈف میں ایک ریکروٹمنٹ کمپنی اپنے عملے کے 55 سے زائد ارکان کو چھٹیاں منانے کیلئے اسپین کے کینری جزائر کی سیر کیلئے لے جارہی ہے ۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق کمپنی 4 دن کے اس ٹِرپ پر تقریباً ایک لاکھ پاؤنڈ ( یعنی 2 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرے گی۔

اطلاعات کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ ملازمین کو یہ تحفہ 2021  میں کورونا وبا کے باوجود بہترین نتائج دینے پر دیا جارہا ہے۔

کمپنی کے چیف کمرشل آفیسر کا کہنا ہے کہ 2020 ہماری پوری مارکیٹ کے لیے واقعی ایک مشکل وقت تھا لیکن  ہمارے عملے نے ہمارا ساتھ دیا اور گھر سے بھی کام کیا، اس لیے 2 سال کے درمیان ان کے بہترین کام کی وجہ سے ان کا شکریہ ادا کررہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق کمپنی کا عملہ  یکم  اپریل کو اسپین کیلئے روانہ ہوگا۔